اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق کے وزیر دفاع" خالدالعبیدی" نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبہ نینوا کے مرکز موصل کو جلد ہی داعشیوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا جائے گا۔ " خالدالعبیدی" نے جو جمعرات کے روز موصل آپریشن میں شریک اعلی فوجی کمانڈروں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے کہا کہ موصل کی آزادی کے فوجی آپریشن کے دوران انسانی بنیادوں کا خاص خیال رکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فوجی آپریشن عراقی سرزمین کو دہشت گرد گروہ داعش کے وجود سے پاک کرنے کے مقصد سے کیا جارہا ہے۔اس موقع پر عراق کے وزیر دفاع نے موصل کی مکمل آزادی کے مقصد سے شروع کئے جانے والے فوجی آپریشن سے متعلق فوجی امور، جنگی نقشوں ، فوجی جوانوں کی آمادگی اور فیصلہ کن کاروائی کے لئے مختلف امور کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔اس رپورٹ کے مطابق بدنام زمانہ دہشت گرد گروہ داعش نے اپنے مسلح عناصر کو الرٹ رہنے کا حکم جاری کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ موصل پر عراقی فوج اور رضاکار فورس کے بڑے حملے کے پیش نظر داعش سے وابستہ دہشت گردوں اور ان کے علاقائی حامیوں میں سراسیمگی پھیل گئی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲